لکھنو: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر محمد رابع حسنی ندوی نے کہا کہ کچھ روز قبل ترکی و شام میں آئے زلزلہ نے دونوں ملکوں میں بڑے پیمانہ پر تباہی مچائی اور ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعہ انتہائی المناک، غم انگیز اور تڑپا دینے والا ہے، جس میں ہزاروں نوجوان، بوڑھے، بچے، مرد اور عورتیں لمحوں میں تہِ خاک دفن ہوگئے۔ خوبصورت اور شاندار عمارتیں پلک جھپکتے ہی زمین دوز ہوگئی۔ اس موقع پر ترکی اور شام کے پریشان حال لوگوں کی مدد کرنا پورے سماج کا انسانی فریضہ ہے۔ ہمارے وطن عزیز بھارت کے بشمول مختلف ملکوں نے متأثرین کی جانب مدد کا جو ہاتھ بڑھایا ہے وہ بہت ہی قابل تحسین ہے۔
انہوں نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی، کہ مسلم بھائی فراخ دلی کے ساتھ متأثرین کی مدد کریں۔ ملک کی جو معتبر تنظیمیں ریلیف کے لیے کام کررہی ہیں، ان کے ذریعہ اپنی مدد پہنچائیں، نیز مسلمان اس حقیقت کو یاد رکھیں کہ دنیا میں جو بھی حالات پیش آتے ہیں، وہ سب اللہ کی مرضی سے پیش آتے ہیں۔لہٰذا اس موقع پر ہمیں دعاؤں کا خاص اہتمام کرنا چاہئے، توبہ کرنا چاہئے، استغفار کرنا چاہئے اور ہراس کام سے بچنا چاہئے جو اللہ کو ناراض کرنے والا اور اس کے غضب کو بھڑکانے والا ہو۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور اپنی امان میں ہمیں رکھے ۔
مزید پڑھیں:Death Toll From Turkey ترکی میں تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 12391 ہوگئی