ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے دانکور کوتوالی کے ایک گاؤں میں چند شرپسندوں نے ایک کنبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ الزام ہے کہ متاثرہ شخص کے گھر میں چند شرپسند داخل ہوئے اور انہوں نے کنبہ کے پانچ افراد کو بے رحمی سے پیٹا اور گھر یلو سامان کو بھی توڑا۔
متاثرہ اسگر نے بتایا کہ ان کے بیٹے زبیر کی گاوں میں ایک سیلون کی دکان ہے، انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں کا ایک سچن نامی نوجوان دکان میں داخل ہو کر شراب پینا شروع کردیا۔
جب زبیر نے اس کو روکنا چاہا تو اس نے زبیر کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے دوکان چھوڑ کر چلا گیا۔
الزام ہے کہ واقعہ کے چند روز بعد ملزم سچن نے اپنے کنبہ کے دیگر افراد راجیندر، گیانیندر، ہریندر، سورہب، ساگر، جتیندر، موہیت اور روہت سمیت چار نامعلوم افراد نے طمنچہ، لوہے کی چھڑ اور لاٹھی وغیرہ لے کر زبیر پر حملہ کرنے کے لئے دکان پہنچے۔
متاثرہ شخص اپنی جان بچاتے ہوئے گھر پہنچا جہاں ملزم نے گھر میں موجود خواتین سمیت پانچ افراد کو بے رحمی سے مارنا شروع کر دیا، اس حملے میں زبیر، سلمان، گلفن، گل شمع اور آمنہ زخمی ہوئے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈنکور پولیس موقع پر پہنچ گئی لیکن اس وقت تک ملزمان فرار ہوچکے تھے۔
متاثرین کو علاج کے لئے ڈنکور کے پرائمری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا تھا جہاں متاثرہ گلفن کو تشویشناک حالت کے پیش نظر گریٹر نوئیڈا کے ایک اسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے متاثرہ شخص کی تحریر کی بنیاد پر نو افراد کو نامزد کرتے ہوئے چار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔