علیگڑھ: گروپ آف ٹوینٹی (G20) بین الاقوامی اقتصادی تعاون کا سب سے بڑا فورم ہے۔ اس تنظیم میں دنیا کی اعلیٰ ترین معیشتیں شامل ہیں، یہ گروپ تمام بڑے بین الاقوامی اقتصادی مسائل پر عالمی سیاست کی تشکیل اور گورننس میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جی 20 سے متعلق پانچ کتابوں کو شائع کرنے کی ذمہ داری حکومت نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی سر سید اکیڈمی کو دی ہے۔ جس میں سے پہلی کتاب ڈاکٹر اسد فیصل فاروقی کی اردو میں بعنوان 'G20 ایک تعارف' گزشتہ روز سر سید اکیڈمی میں شائع کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:
2022-2023 کا جی20 سربراہی اجلاس نئی دہلی، ہندوستان میں ستمبر 2023ء میں ہوگا، اس اجلاس میں دنیا کے بڑے قائدین شریک ہوں گے۔ ان میں وہ ممالک بھی ہیں جو G7 گروپ کا حصہ ہیں۔ یعنی کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، اور یو کے اور وہ بھی شامل ہیں جو برکس (BRICS) میں آتے ہیں، ان ممالک میں برازیل، روس، ہندوستان، چین، اور جنوبی افریقہ ہیں۔ یہ اجلاس ہندوستان کے لیے نہ صرف بہت اہمیت کا حامل ہے بلکہ اس کے لیے سنہری موقع بھی ہوگا کہ وہ اپنے خیالات، ثقافت، تہذیب اور وراثت کو دنیا کے سامنے بہترین ڈھنگ سے پیش کرے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کی صدارت میں جی20 کی جو سرگرمیاں اور خصوصی اجلاس مختلف شہروں میں چل رہے ہیں، وہ بھی دنیا کی توجہ مختلف مسائل پر مبذول کرا رہے ہیں۔
ان سرگرمیوں میں خصوصی طور پر صحت، ٹیکنالوجی، سیاحت، خواتین سے متعلق مسائل اور ماحولیات وغیرہ اہم ہیں۔ کیونکہ یہ اجلاس ہندوستان کے صرف ایک علاقہ میں ہی نہیں ہورہے، بلکہ ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جارہے ہیں، تو اس سے ہندوستان کو علاقائی ثقافت، تہذیب، آرٹ، موسیقی اور وراثت کو دنیا کے سامنے پیش کر کے ہندوستان کے متنوع تہذیب کے امتیازی پہلو اور خوبیوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔ واضح رہے کہ جی20 کا 2021-2022 کا اجلاس انڈونیشیا کے بالی میں منعقد ہوا تھا۔ جس میں دنیا کے بڑے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے قائدین نے شرکت کی تھی۔