ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں انجمن اصلاح قوم کی جانب سے آنکھوں کے چیک اپ اور علاج کے لئے مفت کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران بڑی تعداد میں کیمپ پہنچے مریضوں نے ڈاکٹروں کے ذریعہ اپنی آنکھوں کا چیک اپ کروایا اور دوائیاں حاصل کیں۔
رامپور کے اصلاح قوم ہائی اسکول میں انجمن اصلاح قوم مسلم پنجابیان کی جانب سے آنکھوں کی جانچ کے لیے مفت کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین مریضوں نے حصہ لیا۔
میڈیکل کنوینر سلیم الباری شمسی نے بتایا کہ ضرورت مند اور غریب مریضوں کو مفت علاج کی سہولت دینے کے مقصد سے آنکھوں کا یہ کیمپ صبح 10 بجے سے شروع ہوا اور شام چار بجے تک جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ انجمن کی جانب سے گذشتہ 10 برسوں سے اس کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے لیکن گذشتہ برس کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس کیمپ کو منعقد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج منعقد ہوئے اس کیمپ میں 511 مریضوں کو دیکھا گیا۔
یہ کیمپ رامپور کے دالمیہ آئی ہسپتال کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ جہاں دالمیہ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کشوری لال، ڈاکٹر وکرم لال اور ان کے پورے عملہ نے اس میڈیکل کیمپ میں مریضوں کا علاج کیا۔ اس دوران ڈاکٹر کشوری لال نے مریضوں کو آنکھوں کی بیماری سے بچنے کے نسخے بھی بتائے۔
آج کے اس کیمپ میں کل 511 مریضوں کو دیکھا گیا، جس میں سے 80 مریضوں کو چشمے دئیے گئے۔ وہیں 102 مریضوں کا مفت آپریشن کے لئے اندراج کیا گیا جبکہ 350 مریضوں کو مفت دوائیاں بھی دی گئیں۔ اس دوران علاج کرانے آئے مریضوں نے انجمن کی اس کوشش کو کافی سراہا۔
قابل ذکر ہے کہ انجمن اصلاح قوم مسلم پنجابیان کی جانب سے منعقدہ اس کیمپ سے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم مریضوں نے بھی بڑی تعداد میں استفادہ حاصل کیا۔ رامپور کی یہ انجمن کافی برسوں سے کئی فلاح پروگرام چلا رہی ہے۔