نوئیڈا: کورونا ٹیسٹ کے نام پر آٹو ڈرائیور سے نوئیڈا کے ضلع ہسپتال میں 1500 روپے لینے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق وپن کمار پاٹھک نوئیڈا سیکٹر 37 کے رہائشی ہیں جو آٹو رکشا چلا کر گھر کے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ”گزشتہ روز 67 سالہ والد سریش چندر پاٹھک کو پیر میں تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں دہلی ایمس میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ۔
ڈاکٹرز نے سریش چندر پاٹھک کی جانچ کرنے کے بعد پیر کی آپریشن کرانے کو کہا، لیکن اس سے قبل کورونا ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا، اس کے پیش نظر وپن کمار پاٹھک اپنے والد کے کورونا ٹیسٹ کے لئے نوئیڈا کے ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچے۔ جہاں ہسپتال کے مین گیٹ پر موجود سیکیورٹی گارڈز نے ٹیسٹ کے لئے ہسپتال کے باہر ایک شخص کے پاس بھیج دیا۔ جہاں ان سے کورونا ٹیسٹ سے قبل 1500 روپے جمع کرائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد ہسپتال سے دو افراد باہر آئے اور آٹو میں بیٹھے ان کے والد کی کورونا جانچ کے نمونے لے کر آدھے گھنٹے میں رپورٹ دینے کو کہا ، لیکن جب آدھے گھنٹے کے بعد رپورٹ موصول نہیں ہوئی تو انہوں نے انتظامیہ سے معاملے کی شکایت کی۔
انتظامیہ نے جب اس معاملے کی تحقیقات کی تو پتا چلا کہ یہاں کورونا ٹیسٹ مفت میں کی جاتی ہے، اس واقعے کے بعد ہسپتال کے سی ایم ایس ڈاکٹر وی بی ڈھاکہ نے کہا کہ ”معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ، جو بھی قصوروار ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔”