ریاست اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں ایک 4 سالہ معصوم شیوا بورویل میں گر گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔ بورویل کی گہرائی 135 فٹ بتائی جا رہی ہے۔
دراصل فتح آباد کے تحت تھانہ نبوہرا کے گاؤں دھریاری میں کسان چھوٹے لال کے گھر کے سامنے نصب سمرسیبل کئی دنوں سے خراب پڑا تھا۔ چھوٹے لال نے دو دن پہلے ہی اس میں سے پائپ کو ہٹا دیا تھا۔ پائپ ہٹانے کے بعد اسے کھلا چھوڑ دیا گیا تھا۔ پیر کی صبح بچے بورویل کے قریب کھیل رہے تھے۔ اسی دوران چھوٹے لال کا چار سالہ بیٹا شیو اس میں گر گیا۔
بچے کے گر جانے کی اطلاع ملتے ہی گھر میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ وہیں مقامی لوگوں نے فائر بریگیڈ اور پولیس کو اطلاع دی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر چکی ہے۔ پولیس بھی موقع پر پہنچ چکی ہے۔
وہیں شیوا کے بور ویل میں گرنے کی اطلاع ملنے کے بعد آس پاس کے لوگ بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ سب کو بور ویل سے دور رکھا جارہا ہے تاکہ مٹی اندر تک نہ پہنچ سکے۔ اسی دوران موقع پر پہنچے عہدیداروں نے بچے کو آکسیجن دینے کے لئے پائپ بور ویل کے اندر ڈالا ہے۔