جونپور: اترپردیش کے ضلع جونپور کی ایک مقامی عدالت نے 27سال پرانے گورنمنٹ ریلوے پولیس(جی آر پی) اہلکار کے قتل کے معاملے میں پیر کو سابق ایم پی اوما کانت اور دیگر 6 افراد کو عمر قید کے ساتھ 5 لاکھ روپئے بطور جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔ Umakant Yadav Sentenced Life Imprisonment
اڈیشنل سیشن جج(سوئم) شرد کمار ترپاٹھی نے ہدایت دی کہ جرمانے کی نصف رقم متوفی جی آر پی اہلکار کو دی جائے گی جبکہ 50۔50 ہزار روپئے زخمیوں کو دئیے جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں سماعت ہفتہ کو مکمل ہوئی تھی جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور سزا کے لئے 8 اگست کی تاریخ طے کی تھی۔
آفیشیل ذرائع نے بتایا کہ جی آر پی اہلکار راگھوناتھ سنگھ نے 4فروری 1995 کو ایک مقدمہ درج کرایا تھا کہ ملزمین نے رائفل، پستول اور ریوالور کے ذریعہ پولیس لاک اپ میں موجود ڈرائیور راج کمار یادو کو زبردستی آزاد کرالیا تھا۔کیس کے مطابق ملزمین نے تابڑ توڑ فائرنگ کی تھی جس میں جی آر پی اہلکار اجئے سنگھ اور دیگر دو شہری زخمی ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: GRP Constable Murder Case: سابق ایم پی اوماکانت یادو سمیت سات ملزمین قصوروار قرار
اس معاملے میں سات افراد بشمول سابق ایم پی اوما کانت یادو، رام کمار یادو، راج کمار یادو، دھرم راج یادو، مہندر ، صوبیدار اور بچو لال کو ملزم بنایا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اوما کانت یادو پوروانچل علاقے کے ایک باثر سیاسی لیڈر ہیں۔ وہ کٹھہن اسمبلی حلقے سے تین بار ایم ایل اے منتخب ہوچکے ہیں۔
یو این آئی