ریاست اتر پردیش کے ضلع بستی میں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں پر لاک ڈاؤن کے درمیان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بچوں سے مزدوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ 'رقم کی لالچ دے کر 4 سے 8 سال کے معصوم بچوں سے پودے لگوانے کا کام کروایا گیا ہے۔'
وہیں اس معاملے میں جب 'فارسٹ رینجر' اودھیش کمار سے بات کی گئی تو انہوں نے اس خبر کو غلط بتایا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں نہ تو کوئی کام ہو رہا ہے اور نہ ہی بچوں سے کام کرائے جارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'کچھ بچے یہاں بکریاں چراتے ہوئے آ گئے تھے انہیں واپس بھیج دیا گیا تھا۔'
ویڈیو میں بچوں سے مزدوری کرانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ' اس ویڈیو کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ اگر تحقیقات میں معاملہ سہی پایا گیا تو ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔'