لکھنؤ کے شہر قاضی مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے آج مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'کورونا وائرس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس کے پیش نظر مسلم برادری عید الاضحی کی نماز اور قربانی گھر میں ہی ادا کریں۔
مولانا خالد نے کہا کہ قربانی کرتے وقت سبھی احتیاطی تدابیر اختیار کیا جائے تاکہ کورونا کا خطرہ نہ ہو۔ قربانی کے جانوروں کی دوسری چیزیں، جسے کھایا نہیں جاتا، اسے نگر نگم کی کوڑے گاڑی میں ہی ڈالا جائے۔
مولانا نے کہا کہ 'عید کی نماز کے لیے چار مردوں کا ہونا ضروری ہے۔ ان میں سے ایک امامت کرے۔ اگر کسی کو خطبہ یاد نہ ہو تو پہلے خطبے میں سورۃ فاتحہ اور دوسری سورت پڑھ لیں اور پھر دوسرے خطبے میں درود شریف اور اس کے بعد کوئی دعا پڑھ لیں، ان شاءاللہ عید الفطر کی نماز مکمل ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ مولانا خالد نے گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی اپیل مسلمانوں سے کی ہے لیکن اُتر پردیش حکومت کے جانب سے ابھی تک کوئی گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی، یہاں تک کہ بکرا منڈی لگانے کے لیے بھی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ ایسے میں گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی اپیل کا کیا مقصد؟