ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں عالمی وبا کورونا وائرس کے مثبت معاملوں میں تیزی سے اضافے کے پيش نظر ایک بار پھر عام لوگوں کے دلوں میں لاک ڈاون کا خوف پیدا ہو گیا ہے۔
خاص طور پر ریاست اتر پردیش میں ایک دن میں کورونا متاثر کی تعداد چار ہزار سے بھی زائد رہی ہے، ان حالات میں اب یوپی حکومت کی جانب سے بھی سخت احکامات جاری کئے جا رہے ہیں۔
ایسے میں ایک بار پھر سے لاک ڈاؤن کے حالات پیدا ہونے سے سماج کا کمزور طبقہ سب سے زیادہ خوف زدہ اور پریشان نظر آرہا ہے۔
ان کا ماننا ہے کہ اگر پھر سے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تو وہ پوری طرح ٹوٹ جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ہر روز تقریبا ایک لاکھ سے زیادہ نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ کورونا کی دوسری لہر نے گزشتہ برس کا بھی ریکارڈ توڑ دیا یے۔ ان حالات میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے خطرے سے نمٹنے کے لیے حکومت سخت فیصلے لے سکتی ہے، ایسے میں دوبارہ لاک ڈاؤن کے خوف نے عام لوگوں کو انفیکشن کے خطرے سے زیادہ لاک ڈاون میں روزگار ختم ہونے کے خوف نے پریشان کر رکھا یے۔