ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مظاہرے کے الزام میں پولیس کی جانب مسلسل احتجاجیوں کو گرفتار کیا جارہا ہے اس کے پیش نظر آج عام آدمی پارٹی کے فیصل لالا نے اے ڈی جی سے ملاقات کی اور سی اے اے کے نام پر بے گناہوں کی گرفتاریاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مظاہرے کے الزام میں رامپور پولیس نے ایک مرتبہ پھر مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا ہے۔ 15 دن کے اندر پولیس اب تک 11 افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج چکی ہے۔ حالانہ ملی رہنماء اور سماجی کارکنان نے متعدد افسران سے ملاقات کرکے مزید گرفتاریاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
اس سلسلے میں آج عام آدمی پارٹی کے فیصل خان لالا نے اے ڈی جی بریلی زون اونیش چندرا کے دفتر پہنچے اور انہوں نے سی اے اے کے نام پر بے قصوروں کی گرفتاریوں کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ 21 دسبر 2019 کو رامپور کی عیدگاہ میں ملی قیادت کی زیر نگرانی متحدہ طور پر شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف احتجاجی جلسہ منعقد ہونا تھا۔ لیکن عین وقت پر انتظامیہ نے اس کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
لوگوں نے جب شہر کے مختلف علاقوں سے جمع ہوکر جلسہ گاہ کی جانب بڑھے تو انتظامیہ نے عید گاہ سے کچھ میٹر کی دوری پر روک لیا۔ لیکن اس دوران جب بھیڑ عید کی جانب بڑھنے کے لئے بزد ہوا تو پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔
اس دوران دونوں جانب سے شدید پتھر بازی ہوئی پولیس کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جبکہ آنسو گیس کے گولوں اور پتھروں سے کئی مظاہرین زخمی بھی ہو گئے تھے۔
اس کے بعد پولیس نے 116 لوگوں کو نامزد کیا جبکہ ہزاروں نامعلوم افراد کے خلاف مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اپنی کارروائی کرتے ہوئے 34 افراد کو قصوروار قرار دے کر جیل بھیج دیا تھا۔