جونپور: کھجور ایک قوت بخش و خوش ذائقہ دار پھل اور غذا ہے۔ اس کا استعمال پوری دنیا میں کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر کھجور کا استعمال مسلم ملکوں میں نمایاں طور پر کیا جاتا ہے۔ رمضان المبارک کے موقع پر افطار کے وقت شاید ہی کوئی ایسا دسترخوان ہوتا ہوگا جس پر کھجوریں نہ ہو۔ کھجور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نہایت پسندیدہ و محبوب غذا تھی۔ اس کا استعمال آپ صلی اللہ علیہ وسلم کثرت سے کیا کرتے تھے اور آپ کی خدمت میں صحابہ کرام اکثر تحائف و ہدیات کی شکل میں بھی کھجوریں پیش کیا کرتے تھے۔
کھجور کے متعلق بیان قرآن و حدیث میں بھی آیا حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے دور میں ملک عرب میں کھجوروں کی پیداور زیادہ ہوتی تھیں اس کی چھال کا استعمال لوگ بستر کے طور پر کرتے تھے چنانچہ ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا بستر چمڑے کا تھا جس میں کھجور کی چھال بھری ہوئی تھی، قرآن مجید میں بھی اللّٰہ تعالیٰ نے کم و بیش اکیس مقامات پر کھجور کا ذکر فرمایا ہے اور اس کی اہمیت و افادیت کے بارے میں بتایا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اے اے جعفری چیف میڈیکل سپرنٹینڈنٹ میڈیکل کالج جونپور نے کہا کہ بطور ڈاکٹر میں کہنا چاہتا ہوں کہ کھجور کا استعمال رمضان اور عام دنوں میں جسم پر مفید اثرات مرتب کرتی ہے۔ کھجور کے اندر آئرن، فائبر اور ہائی انرجی کنٹینٹ ہوتا ہے۔ اگر کوئی شخص رمضان میں خاص طور پر افطار کے وقت کھجور کا استعمال کرتا ہے تو دن بھر بھوکے پیاسے رہنے کے دوران اس سے طاقت ملتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایلوپیتھی اور انگریز،یونانی اعتبار سے بھی کھجور کے بہت فوائد ہیں اور ڈائبٹیز کے مریضوں کو روزہ رکھنے کے بعد اپنی ڈائٹ کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ میٹھی اشیاء سے پرہیز کرنا ہے مگر آپشن کے طور پر کھجور کا استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کھجور کو ہم ایک پھل کے طور پر نہار منہ یا دودھ میں ڈال کر استعمال کر سکتے ہیں جس کے کافی مثبت اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔
جامعہ گروپ آف ایجوکیشن کے چیئرمن مولانا انوار احمد قاسمی نے بتایا کہ کھجور کا ذکر قرآن و حدیث میں ملتا ہے۔ ایک مرتبہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام سے پوچھا کہ مجھے ایسے درخت کے بارے میں بتائیں جو انسانوں کے مشابہ ہو پھر آپ نے خود ہی جواب دیا کہ وہ کھجور کا درخت ہے ۔اس لئے کہ جس طرح انسانوں کے بہت سے فائدے ہیں ٹھیک اسی طرح کھجور کے بھی متعدد فوائد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلمان افطار کے وقت کھجور کا استعمال اس وجہ سے کرتے ہیں کہ یہ سنت نبوی ہے اور دن بھر کا بھوکا پیاسا آدمی اسے فوراً طاقت کی ضرورت ہوتی ہے جو کھجور مہیا کراتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Ramadan Gift pheni علیگڑھ میں پھینی روزہ داروں کی پہلی پسند
کھجور کے ہول سیل کاروباری رئیس احمد رائین بتاتے ہیں کہ اس مرتبہ کھجور کی فروخت اچھی رہی مسلمانوں نے دل کھول کر خریداری کرکے رمضان المبارک کا استقبال کیا ہے ۔ابھی جب روزہ دار پندرہ یوم کی تراویح سے فارغ ہو جائیں گے تو ایک مرتبہ خرید و فروخت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کھجور کھانا سنت رسول ہے اور میرا ماننا ہے کہ کھجور جس گھر میں ہوتی ہے اس میں برکت ہوتی ہے