اس دوران اردو زبان کے حوالہ سے خدمات انجام دینے والے افراد کو خصوصی اعزازا ت سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے تعلیم اور اردو کے حوالہ سے گفتگو کی اور اس پر زور دیا کہ بچوں کو اردو کی تعلیم ضرور دلائیں، انہیں ایسے اسکولوں میں داخلہ دلائیں جہاں تہذیب و تمدن کے ساتھ ساتھ بچے اخلاقیات اور اردو زبان سے بھی واقفیت حاصل کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اردو ایسی شیریں زبان ہے، جس سے ہر شخص لطف اندوز ہوتا ہے، اس زبان کو فروغ دینے میں ہر شخص کو اپناکردار ادا کرناچاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے حصہ کی ذمہ داری ادا کرینگے تو اردو زبان نسلوں تک پہنچے گی جو اس کی بقاءاور تحفظ کا سب سے اہم اور بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے مولانا ابولکلام آزاد اور علامہ اقبال کی زندگی کے مختلف پہلؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نئی نسلوں کو ان حضرات کی زندگی کامطالعہ ضرور کرنا چاہئے۔ نواز دیوبندی نے تنظیم 'نظر' کی کوششوں کی ستائش کی۔
معروف ادیب و قلمکار مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے اردو زبان کی ترویج و ترقی پر زرو دیتے ہوئے کہاکہ زندگی میں کامیابی کے لئے اہداف کا تعین ضروری ہے، بے سمت چلنا اور بغیر حکمت عملی کے لئے زندگی گزارنا کبھی بھی کار آمد اور مفید نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ جتنی بھی بڑی شخصیت ہوئیں ہیں، انہوں نے ابتدائی زندگی میں ہی اپنا ٹارگیٹ متعین کرلیا تھا، اسلئے ہمیں بھی اپنی زندگی کا ہدف متعین کرکے آگے چلنا چاہئے اور زبان و ادب کی ترقی کو اپنی زندگی کاحصہ اور تعلیم کو اپنی زندگی کا مشن بنانا چاہئے۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے معروف کالم نگار سید وجاہت شاہ(کمل دیوبندی) نے کہا کہ 9 نومبر کو علامہ اقبال کے یوم پیدائش اور 11 نومبر کو آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے حوالہ اس جشن اردو تقریب کا انعقاد کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو اپنے اندر تعلیم کی جستجو کو برقرار رکھنا چاہئے اور اتحاد و اخوت کے ساتھ مشن تعلیم میں تعاون کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اور مولانا ابوالکلام آزاد نے معاشرہ کو جو سمت دی ہے اس پر چلنے کی سخت ضرورت ہے۔
پروگرام کنوینر نجم عثمانی نے کہا کہ ہم تعلیم اور اردو کو آگے بڑھانے کے لئے اس طرح کے پروگراموں کا اہتمام کرتے رہیں گے، یہ سماج کی بہتری اور اردو کی ترقی کے لئے ہماری ادنیٰ کوشش ہے۔
مزید پڑھیں:
اے ایم یو ٹیچر ایسوسی ایشن کا صدر سے مطالبہ
اس موقع پر ڈاکٹر نواز دیوبندی، مولانا نسیم اختر شاہ قیصر، صبا حسیب صدیقی، منیجر مسلم فنڈدیوبند سہیل صدیقی، سید حارث، آسیہ، اشرف عثمانی، پردیپ دیوانہ، ملک پروانہ، رضوان سلمانی، فہیم اختر، فیروز خان، عارف عثمانی، سمیر چودھری کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز دیا گیا۔