ریسات اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں پولس نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انشورنس اور پالیسی کے نام پر سینکڑوں لوگوں کو کروڑوں روپے کی ٹھگی کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس معاملہ میں پولس نےایک خاتون سمیت آٹھ افراد کو گرفتار Cyber Fraudsters Arrested کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال 13 اپریل 2021 کو ان سائبر ٹھگوں نے محمد ریاض حسن نامی شخص کو دھوکہ دیا تھا۔ ان سے دو کروڑ روپیے کی ٹھگی کی تھی۔
وہیں اس معاملہ پر نوئیڈا کے ڈی سی پی راجیش ایس کا کہنا ہے کہ نوئیڈا کے سیکٹر 58 کوتوالی پولیس نے اطلاع موصول ہونے کے بعد غازی آباد کے ڈاسنہ علاقہ میں چھاپہ ماری کرتے ہوئے آٹھ افراد کو دھوکہ دھڑی معاملہ میں گرفتار کیا ہے۔ اور ان کے قبضہ سے 47 لاکھ روپیے بھی بر آمد کئے گئے ہیں۔گرفتار کئے گئے ملزمین میں امر پال عرف رام پرتاپ،اظہر عرف اظہرالدین،وکاس عرف اے کے ترپاٹھی،موہن عرف اے کے گپتا،نیرج،نیتو آریہ عرف پریتی تیاگی،سنیل عرف سشیل اور شاہ رخ نامی ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 47 لاکھ روپیہ بر آمد کیا گیاہے۔
ان بدمعاشوں پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے سیکٹر 62 میں رہنے والے این ٹی پی سی کے ریٹائرڈ افسر محمد ریاض سے لائف انشورنس اور مختلف قسم کی پالیسیز کے نام پر ایک کروڑ 42 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی تھی۔ پولیس نے ان ملزمین کو کیس کی تفتیش کے دوران ہی گرفتار کیا۔
پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں نے ملک کے مختلف مقامات پر رہنے والے 250-300 لوگوں کے ساتھ کروڑوں کی دھوکہ دہی کی ہے۔ پولیس نے ان کے پاس سے تقریباً 48 لاکھ روپے نقد، 16 موبائل فونس، 5 لیپ ٹاپ اور 4 لگژری کاریں برآمد کی ہیں۔
وکاس، موہن اور نیتو سال 2017 میں انڈیا انفو فائنانس لمیٹڈ سیکٹر-63 میں کام کرتے تھے۔ جہاں کچھ عرصہ بعد اس کی ملاقات نیرج، اظہر اور امرپال سے ہوئی۔ یہ سب مختلف کمپنیوں کی انشورنس پالیسیوں کا ڈیٹا اپنے پاس رکھتے تھے جس کی وجہ سے یہ لوگ کئی لوگوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ انہی کمپنیز کی پالیسی کے نام پر ریاض حسن سے تقریباً 2 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی۔
پوچھ گچھ کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ یہ لوگ مختلف گروپس بنا کر مختلف علاقوں میں بزرگ شہریوں اور ریٹائرڈ افسران کا ڈیٹا اکٹھا کرتے تھے جس سے اس کام میں انہیں کافی مدد ملتی تھی اور صارفین کا اعتماد جیتنے کے لیے کچھ رقم واپس کردی جاتی تھی۔ اسی طرح محمد ریاض حسن کو بھی مختلف کمپنیز سے تقریباً 7 لاکھ روپے واپس کرائے تھے۔ یہ لوگ نام بدل کر کال کرتے تھے۔
یہ لوگ نئی پالیسیز بنانے، پالیسی کی تجدید اور پالیسی میں اضافی فوائد حاصل کرنے کے نام پر فراڈ کرتے تھے۔ ان سے پوچھ گچھ میں مختلف ریاستوں جیسے ممبئی، گجرات، پونے اور راجستھان وغیرہ میں رہنے والے تقریباً 250-300 لوگوں سے فراڈ کیا گیا ہے۔