اتر پردیش: عیدالاضحیٰ کی نماز کی تیاریوں، حفاظتی انتظامات اور صفائی کے حوالے سے علی گڑھ انتظامیہ اور علی گڑھ میونسپل کارپوریشن گزشتہ کچھ روز سے فکرمند تھی، دو روز قبل انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران نے علی گڑھ کی شاہ جمال عیدگاہ کا بھی دورہ کر کے عیدالاضحیٰ کی نماز سے متعلق تمام انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔ Eid ul Adha 2022
عیدالاضحیٰ کی نماز اوپر کوٹ مسجد، شاہ جمال عیدگاہ، جمالپور عیدگاہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی جامع مسجد سمیت علی گڑھ کی تمام مساجد میں پُرامن ماحول میں ادا کی گئی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی تاریخی جامع مسجد میں بھی ہزاروں کی تعداد میں عیدالاضحٰی کی نماز پُرامن ماحول میں صبح سات بجے ادا کی گئی جس میں طلباء، تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور یونیورسٹی کے اعلی عہدیداران بھی شامل تھے۔
شاہ جمال عیدگاہ پر عیدالاضحٰی کی نماز صبح 6:30 پر ادا کرنے کے بعد علی گڑھ شہر مفتی محمد خالد حمید نے عیدالاضحٰی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پورے ملک میں امن و امان کا پیغام دیا۔ علی گڑھ کے اے ڈی ایم سٹی راکیش پٹیل نے بتایا کہ علی گڑھ کی عیدگاہ پر بھی نماز پُرامن ماحول میں ادا کی۔ علی گڑھ انتظامیہ اور علی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نماز سے متعلق تمام انتظامات کئے گئے تھے۔