اتر پردیش کے بارہ بنکی میں بدھ کے روز سے تمام تعلیمی اداروں کے مانند مدارس میں بھی فوقانیہ درجے کی تعلیم کا سلسلہ بحال ہوگا۔ اس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے۔
تمام مدارس میں حکومت کی جانب سے جاری کووڈ-19 گائڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے تعلیمی سلسلے کا آغاز کیا جائے گا۔ تقریبا 9 ماہ بعد تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع ہونے سے مدارس منتظمین اور ٹیچرس میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔
واضح ہو کہ حکومت نے 10 فروری سے درجہ 6-8 تک کے اسکولوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے۔ اسی کے پیش نظر مدارس نے بھی اس حکم پر عمل کرتے ہوئے فوقانیہ درجوں میں تعلیم کا سلسلہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بارہ بنکی کے پیر بٹاون میں واقع مدرسہ دارالعلوم کے مہتمم قاری عبدالمجیب قاسمی کے مطابق وہ الٹرنیٹ ڈیز میں فوقانیہ درجہ کے 50-50 فیصدی طلبہ کو بلا کر تعلیم دے رہے ہیں۔ طلبہ کو انفیکشن سے بچانے کے لئے صاف صفائی کا خاص انتظام کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی اسکول میں سینیٹائیزر اور ماسک کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
اس دوران طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ ماسک اور سینیٹائیزر لیکر مدرسہ آئیں۔ دوسری جانب مدارس کے ٹیچرس بھی تعلیمی سلسلہ بحال ہونے سے پُر جوش ہیں۔ ساتھ ہی وہ طلباء کے تعلیمی نقصان کی بھرپائی کے لئے بھی پرعزم ہیں۔