رامپور سے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رکن پارلیمان و سینیئر رہنما اعظم خان سے پیر کو پوچھ گچھ کرنے کے لئے ای ڈی کے افسران سیتا پور ضلع جیل پہنچے۔ موصول اطلاع کے مطابق ای ڈی کے افسران کے پہنچنے سے قبل رکن پارلیمان کی بیوی تزئین فاطمہ ان سے ملنے ضلع جیل پہنچی تھیں۔ ای ڈی کے دستک دینے کے بعد تزئین فاطمہ وہاں سے رخصت ہوگئیں حالانکہ ای ڈی کے افسران کے پہنچنے کے بعد جیل میں کچھ ہلچل نظر آئی۔
ای ڈی افسران اعظم سے پوچھ گچھ کررہے ہیں، اس ضمن میں جیل انتظامیہ ابھی کچھ بتانے کو تیار نہیں ہے۔
پرونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت درج معاملوں میں سماعت کرنے والی خصوصی عدالت سے کاروائی کی اجازت کے بعد ای ڈی دو افسر ضلع جیل میں اعظم خان سے الگ کمرے میں پوچھ گچھ کررہے ہیں۔ وہاں صرف تین لوگ ہی ہیں جن کےدرمیان بات چیت ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کانگریس پارٹی نے پنجاب میں نئی تاریخ رقم کی: قومی ترجمان
ای ڈی نے سال 2019 میں اعظم خان کے خلاف اترپردیش پولیس کے ذریعہ درج کئے گئے مقدمات میں سے کم سے کم 26مقدموں کا نوٹس لینے کے بعد جانچ شروع کی ہے۔ اعظم خان پر الزام ہے کہ رامپور میں یونیورسٹی کے لئے سرکاری ملکیت پر قبضہ کیا ہے۔ سال 2012 میں اعظم خان اکھلیش یادو کی قیادت والی حکومت میں شہری ترقیات کے وزیر تھے۔
یو این آئی