ریاست اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں سماج وادی پارٹی نے پوری طاقت کے ساتھ ضلع پنچایت انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی مرادآباد کے ضلع صدر جے ویر سنگھ نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی سبھی 39 وارڈوں میں پوری طاقت کے ساتھ ضلع پنچایت انتخابات لڑے گی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع پنچایت انتخابات کے لئے امیدواروں کی درخواستیں آنی شروع ہو گئی ہیں، سماجوادی پارٹی سبھی وارڈوں میں اپنی جیت کا پرچم لہرائے گی۔ اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی سب سے مضبوط پارٹی ہے اور سماج وادی پارٹی ہی بی جے پی جیسی پارٹی کو ٹکر دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرام پنچایت، ضلع پنچایت اور بلاک سطح پر سماج وادی پارٹی پوری طرح مضبوط ہے اور ہم ہر سطح پر انتخابات میں حصہ لینے کو تیار ہیں۔ اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی ہمیشہ سے انتخابات میں جیت حاصل کرتی رہی ہے۔ ضلع پنچایت اور گرام پنچایت انتخابات میں سماج وادی پارٹی کے امیدوار جیت رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی امیدوار کی کار سے ای وی ایم برآمد، الیکشن کمیشن کے 4 افسران معطل
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سطح سے بی چے پی کا خاتمہ ہونے والا ہے اور سماج وادی پارٹی اتر پردیش میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے والی ہے۔