ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں واقع وکاس بھون کے آڈیٹوریم میں ”چیف ڈویلپمنٹ آفیسر“ چندر موہن گرگ کی سربراہی اور یونیسیف کے تعاون سے ضلع کے تمام مدارس کے منتظمین، پرنسپل اساتذہ اور مسلم دانشوران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی۔ جس میں کووڈ 19 سے بچاؤ اور احتیاط کے لیے ویکسینیشن کو سب سے اہم اور ضروری اقدام قرار دیا گیا اور تمام پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔
چیف ڈویلپمنٹ آفیسر چندر موہن گرگ نے عوام سے معاشرے میں پھیلی تمام غلط فہمیوں کو دور کرنے میں تعاون کرنے کی گزارش کی۔
اس موقع پر تمام شرکاء سے توقع کی گئی کہ وہ اس کام میں محکمۂ صحت کے ساتھ مل کر تعاون کریں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین کے لیے ترغیب دیں۔
اس میٹنگ میں مفتی شہاب الدین، مولانا عزیز الرحمٰن، مفتی سلیم نوری، مولانا شاکر رضوی، ڈاکٹر اعزاز انجم، حاجی ریاض اور حاجی جاوید خان موجود رہے، تمام مدارس کے ڈائریکٹر، منتظمین، اساتذہ، پرنسپل و دانشوران نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنا خاص تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگوانے کے لیے مدعو کرنے کا بھی وعدہ کیا۔