لکھنؤ: آل انڈیا محمدی مشن کی جانب سے مفتی ابو العرفان میاں فرنگی محلی قاضی شہر لکھنؤ و سرپرست اعلیٰ آل انڈیا محمد مشن کی سرپرستی اور سید اقبال ہاشمی کی صدارت میں ضرورت مندوں میں وظیفہ تقسیم کیا گیا۔ مفتی ابو العرفان فرنگی محلی قاضی شہر نے کہا کہ خدمت خلق بہترین عبادت ہے۔ مخلوق خدا کی خدمت انسانی اخلاق کا اعلیٰ جوہر ہے۔ جو انسان بندگان خدا کی خدمت کرتا ہے، اللہ رب العزت کے نزدیک اس کا مقام ومرتبہ بلند ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Free Computer Courses Certificates ضرورتمند طلبہ کو مفت کمپیوٹر کورس سرٹیفکیٹ
مہمان خصوصی رومانہ صدیقی رکن یوپی اقلیتی حقوق کی کمیشن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اقلیتوں کی پریشانیوں کو سننے اور ان کو دور کرنے کے لیے ہی ہیں۔ یہاں موجود خواتین سے گزارش ہے کہ وہ اپنے آئینی حقوق کو سمجھیں تاکہ اپنے حقوق کو حاصل کر سکیں۔ زندگی میں آنے والی تمام پریشانیوں کو دور کر سکیں، اقلیتی حقوق کی کمیشن کا قیام ہی اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو وقت رہتے دور کرنے اور ان کے تحفظ کو قائم رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ہم سبھی اقلیتی طبقہ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے ضرورت آنے پر کمیشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔
سید اقبال ہاشمی قومی صدر محمدی مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں عوام الناس مختلف پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ ان حالات میں غریب اور نادار افراد تک کھا نے پینے کی اشیاء پہنچانا بڑے اجر وثواب کا کام ہے۔ سید احمد ندیم جنرل سیکرٹری نے مہمان خصوصی اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سبھی انجمنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آل انڈیا محمدی مشن کی تحریک جس میں ملت اسلامیہ کی ترقی اور تحفظ کے لیے کام کیا جا رہا ہے اس میں شریک ہو کر اپنے اپنے علاقوں میں خدمت خلق کے کاموں کو انجام دیں۔