کورونا وائرس کی بے چینی اور لاک ڈاؤن کے سبب لوگ اپنے اپنے گھروں میں مقید ہے۔ لاکھوں غریب، ضرورت مند اور یومیہ اجرت والے مزدور مشکلات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اضطرابی کیفیت سے دوچار ان پریشان کن حالات میں انسانیت کی خدمت کو اپنا دینی، مذہبی، انسانی اور معاشرتی فریضہ سمجھتے ہوئے آئی وائی ای ایس ایف ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔
اس مہم کے روح رواں محمد کامل نے بتایا کہ ایسے لوگوں کی مشکلات و مسائل کو محسوس کرتے ہوئے ہر فرد یا کنبے کو ایک ماہ کا راشن ادارہ کی جانب سے مہیا کرایا جا رہا ہے۔ آج نوئیڈا میں بارش کے باوجود سیکٹر 10 میں بڑی تعداد میں لوگوں کو راشن تقسیم کئے گئے۔
محمد کامل کے مطابق یہ سلسلہ عید کے دن سے جاری ہے۔ جس کے تحت نوئیڈا کے سینکڑوں ضرورت مندوں کے درمیان راشن تقسیم کئے جارہے ہیں اور یہ آگے بھی جاری رہے گا۔لوگوں کے پاس تین وقت کا کھانا نہیں ہے، دو وقت کھا کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں، لیکن لاک ڈاؤن میں گھر میں رہ کر ملک کے مفاد میں ایک اہم حصہ ڈال رہے ہیں۔ جس سے کورونا پر قابو پانے میں آسانی ہو گی۔
ہر شخص کو ایسے لوگوں کے لئے آگے آنا چاہئے۔تنظیم کے رکن ممتاز عالم نے بتایا کہ تنظیم کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر 9625565949 بھی جاری کیا گیا ہے، فون کرنے پر ضرورت مندوں کے پتہ پر بر وقت راشن پہنچایا جا رہا ہے۔