اترپردیش، سہارنپور کے دیوبند میں تعمیر کرائے جارہے اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر کی بنیاد رکھنے کے لئے 7نومبر کو وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ دیوبند آسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے ممکنہ دورے کو لے کر پیر کے روز ضلع مجسٹریٹ سہارنپور نے دیوبند پہنچ کر پروگرام کے لئے مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران دیوبند اسمبلی رکن کنور برجیش سنگھ بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔
تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے 7نومبر کو دیوبند میں ممکنہ پروگرام کو لے کر ہلچل میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آج ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ دیوبند پہنچے اور علاقائی افسران کو ساتھ لے کر شہر کے ریلوے روڈ پر واقع اے ٹی ایس سینٹر کے لئے منتخب کئے گئے مقام کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:اے ایم یو انتظامیہ نے طلبہ کے مطالبات نا مانے تو ہوگا احتجاجی دھرنا
اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ نے ایچ اے وی انٹر کالج اور جی ٹی روڈ پر واقع انفنٹی انسٹی ٹیوٹ کا بھی جائزہ لیا ۔ اس دوران دیوبند اسمبلی رکن کنور برجیش سنگھ بھی موجود رہے،حالانکہ صحافیوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے دورے کے بارے میں معلوم کئے جانے پر افسران نے کوئی جواب نہیں دیا اور کہاکہ جب تک ان کے پاس تحریری طو رپر پروگرام نہیں آجاتا اس وقت تک وہ کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں،جب کہ دیوبند اسمبلی رکن کنور برجیش سنگھ نے بتایا کہ اے ٹی ایس کمانڈو سینٹر کی بنیاد رکھنے کے لئے وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا دیوبند آنے کا پروگرام طے ہوچکا ہے۔ اسی لئے ضلع مجسٹریٹ سہارنپور اکھلیش سنگھ نے ریلوے روڈ پر واقع کمانڈو سینٹر کے لئے منتخب کئے مقام سمیت پروگرام کے لئے شہر میں دیگر مقامات کا جائزہ بھی لیاہے اور جلد ہی وزیر اعلیٰ اترپردیش کا پروگرام بھی آجائے گا۔