اکھلیش یادو نے کہا کہ امت شاہ کا یہ کہنا کہ ہر حال میں ہم سی اے اے، این آر سی، این پی آر کو نافذ کریں گے ، ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی کی منشا اپنی اکثریت کے روڈ رولر سے عوام کو کچلنے اور آمریت پسندانہ اقدامات اٹھانے کی ہے۔
انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ غرور کی زبان سے اپوزیشن دبنے والی نہیں ہے۔ دوسروں کو نصیحتیں دینے والے پہلے خود تاریخ پڑھ لیں کہ عوام کی مخالفت کی آندھی کے سامنے کوئی نہیں ٹک پایا ہے۔
سابق وزیر اعلی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دوبارہ اقتدار میں آنے پر بی جے پی قیادت کو ضرورت سے زیادہ غرورہو گیا ہے۔ جمہوریت میں صرف اکثریت نہیں عوامی رائے کا بھی اہم کردار ہوتاہے۔
عوامی رائے کو نظر انداز کرنے سے اقتدار کی ساکھ باقی نہیں رہتی۔ بی جے پی کی جن پالیسوں پر ملک گیر احتجاج ہو رہا ہے، اس کے تئیں حساسیت کا مظاہرہ جمہوریت کا صحت مند احساس نہیں اور یہ آئین کے بنیادی جذبے کی توہین کرنا بھی ہے۔