وارانسی میں سنتوں نے نریندرمودی کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ سنت سماج نے پریس کانفرنس کر کے مودی کے پرچہ نامزدگی میں 21 خامیاں بتائی ہیں ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مودی کی نامزدگی رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سنتوں نے یہ بھی کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے غلطیوں کا نوٹس لے کر مودی کا پرچہ رد نہیں کیا تو ہم سپریم کورٹ کے دروازے پر دستک دیں گے۔
سنتوں کے مطابق الیکشن کمیشن نے رام راجیہ کونسل کے امیدوار کا پرچہ جن غلطیوں کی بنا پر مسترد کیا ہے وہی ساری غلطیاں مودی کے پرچے میں بھی موجود ہیں۔
انہوں نے نریندر مودی کا پرچہ دکھا کر اس بات کاثبوت بھی پیش کیا۔
شنکر اچاریہ سوامی سروپانند سرسوتی کے شاگرد سوامی اویمکتیشورا نند سرسوتی نے کاشی دھام کے نام پر بنارس میں مندروں کے توڑے جانے، گئو کشی اور فسادات جیسے معاملات میں کسی بھی قسم کی کاروائی نا ہونے سے ناراض ہوکر رام راجیہ کونسل سے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا، لیکن ان کا پرچہ رد کر دیا گیا۔
سوامی اویمکتیشورا نند سرسوتی نے کہا کہ' ہم نے مودی کے پرچے میں موجود غلطیوں کے لیے الیکشن کمیشن کو نوٹس لینے کے لیے کہا ہے اور اس معاملے میں ہمارے نمائندے دہلی بھی گئے ہوئے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے کوئی کاروائی نہیں کی تو ہم سپریم کورٹ کے دروازے پر دستک دیں گے اور وارانسی پارلیمانی حلقے کی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مودی کو ووٹ نا دیں۔