گیارہ روز قبل ضلع علیگڑھ تھانہ کوارسی کے علاقے نگلہ پٹواری میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں ایک ٹرک نے تقریباً ایک درجن افراد کو کچل دیا تھا۔ حادثہ میں چار ہلاک ہو گئے تھے جن کے رشتہ داروں نے علیگڑھ کلکٹریٹ میں ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ کو میمورنڈم دے کر معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ حالانکہ ٹرک ڈرائیور کو موقع پر موجود لوگوں نے پکڑ لیا تھا جس کے بعد پولیس نے ٹرک کو ضبط کرلیا اور ڈرائیور کو حراست میں لے لیا تھا۔ مہلوکین کے لواحقین اور زخمیوں کو ابھی تک کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔ Road Accident In Aligarh
یہ بھی پڑھیں:
کلیکٹریٹ دفتر پر میمورنڈم دینے آئے لواحقین کا کہنا تھا کہ علیگڑھ انتظامیہ اور حکومت متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے معاوضہ دے۔ ٹرک حادثہ میں ہلاک اور زخمیوں کے رشتہ داروں نے نگلہ پٹواری جو گھنی آبادی والا علاقہ ہے یہاں کی سڑک پر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔ اس موقع پر کانگریس رہنما آغا یونس نے بتایا کہ ٹرک حادثہ میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ متاثرین کو آج تک حکومت کی جانب سے امداد نہیں دی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہلوکین کے خاندان میں سے کسی ایک کو سرکاری نوکری دی جائے، زخمیوں کا علاج کرایا جائے، نگلہ پٹواری سڑک پر بھاری گاڑیوں پر پابندی عائد کی جائے اور پورے معاملے کی مجسٹریٹ کے ذریعہ جانچ کی جائے۔