اُترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے حسین آباد علاقے میں موجود ممولا بیگم مسجد کی زمین پر کچھ لوگوں نے غلط طریقے سے قبضہ کر رکھا ہے۔
معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد نقوی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ممولا بیگم مسجد میں کچھ لوگوں نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ وہاں پر ان لوگوں نے کچن بھی بنایا ہے، جس کا دھواں مسجد میں جاتا ہے اور نمازیوں کو تکلیف ہوتی ہے۔
مولانا جواد نے کہا کہ سنہ 2005 کے بعد سے اس مسجد کا کوئی متولی نہیں ہے۔ باوجود اس کے کچھ لوگ لگاتار کرایہ وصول کر رہے ہیں۔ پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے مولانا جواد نے کہا کہ پولیس کے اشارے کے بغیر ایسا نہیں ہوسکتا لہذا پولیس کو ایف آئی آر درج کرکے سخت کاروائی کرنی چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ ممولا بیگم مسجد شیعہ وقف بورڈ میں اندراج ہے لیکن 2005 کے بعد سے وقف بورڈ نے کسی کو وہاں پر متوالی نہیں بنایا۔ اس مسجد میں کئی دکانیں ہیں جو بڑی قیمتیں ہیں۔
مولانا کلب جواد نے کہا کہ مسجد سے ناجائز قابضین کو جلد سے جلد ہٹایا جائے اور علاقے کےلوگوں کے ساتھ مل کر کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اس طرح کے قبضے سے مسجد کو نقصان ہو رہا ہے۔