جونپور: اترپردیش کے جونپور ضلع کے جعفرآباد تھانہ علاقے میں واقع گاؤں مسرپور کے رہنے والے صحافی امیتابھ مشرا کی جمعرات کی رات وارانسی کے ٹراما سینٹر میں موت ہو گئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں دو نامعلوم اور چار نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق صحافی امیتابھ مشرا (40) جو ضلع کے جعفرآباد تھانہ علاقے کے تحت مسرپور گاؤں کے رہنے والے ہیں، کو 18 جنوری کی دوپہر 12 بجے کار میں سوار نامعلوم بدمعاشوں نے گولی مار دی۔ واقعہ کے بعد زخمی صحافی کو پہلے علاج کے لیے ضلع اسپتال لایا گیا، جہاں سے ان کی حالت تشویشناک دیکھتے ہوئے اسے ٹراما سینٹر وارانسی ریفر کیا گیا، جہاں جمعرات کی رات ان کی موت ہوگئی۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سٹی) ڈاکٹر سنجے کمار نے کہا کہ اس واقعہ کے سلسلے میں جعفرآباد تھانے میں دو نامعلوم اور چار نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور پولیس نے چاروں نامزد افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی کی واقعہ میں نامزد افراد سے دشمنی بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے نامزد افراد نے باہر کے بدمعاش کو بلا کر قتل کروایا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں مطلوب دو نامعلوم شرپسندوں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ یہاں صحافی امیتابھ مشرا کی موت کی خبر سن کر ضلع کی تمام صحافتی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور تعزیتی اجلاس منعقد کرکے ان کے آتما کے سکون کے لئے ایشور سے دعا کی۔ تمام صحافتی تنظیموں نے ریاستی حکومت سے مقتول صحافی کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔