اسمرتی ایرانی کے پارلیمانی حلقے امیٹھی سے تعلق رکھنے والی صوفیہ غنڈوں سے اتنا پریشان ہو گئی تھی کہ موت کو آسان سمجھ کر اپنی بیٹی کے ساتھ خود کو آگ کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ امیٹھی کی رہنے والی صوفیہ کا نالی کے مسئلے پر پڑوس کے ارجن اور دیگر لوگوں سے جھگڑا چل رہا تھا۔ معاملہ حل ہوتا نہ دیکھ کر صوفیہ نے پولیس اور ضلع انتظامیہ سے کئی بار شکایت کی لیکن نتیجہ صفر ہی رہا۔
صوفیہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے بد سلوکی سے پریشان ہوکر لکھنؤ میں ودھان سبھا کے سامنے اپنی بیٹی کے ساتھ خود کو آگ کے حوالے کر دیا۔ جس میں صوفیہ شدید طور پر زخمی ہوگئی تھیں، جن کی آج سیول اسپتال میں موت ہو گئی جبکہ ان کی بیٹی زندگی اور موت سے جدوجہد کر رہی ہے۔
پولیس نے ارجن اور دیگر چار لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا لیکن یہ کام پہلے ہو جاتا تو یقیناً ایک غریب خاتون کو اتنا بڑا قدم کبھی بھی نہ اٹھانا پڑتا۔
حالانکہ اس کیس میں پولیس نے مجلس اتحاد المسلمین کے ضلع صدر اور کانگریس پارٹی کے ترجمان انوپ پٹیل پر خاتون کو خودکشی کے لیے اُکسانے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔