آج ایس ڈی ایم اور سی او سمیت دیگر افسران نے ادارہ کے مہتمم دارالعلوم دیوبند و دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی اور سالانہ امتحانات کو فی الحال چند وقت کے لیے ملتوی کرنے کی اپیل کی، جس کے بعد دارالعلو م دیوبند نے یہ فیصلہ لیا ہے۔
دارالعلوم دیوبند کے امتحانات ملتوی کی اطلاع مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے دی۔
تفصیل کے مطابق ایس ڈی ایم دیویندر کمار پانڈے اور سی او چوب سنگھ و کوتوالی انچارج یگ دت شرما اور ایل آئی یو انچارج اروند چہل کی ٹیم نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی سے ملاقات کی۔
چالیس منٹ تک جاری میٹنگ کے دوران انتظامیہ نے ذمہ داران سے اپیل کی تھی کہ ادارے کے سالانہ امتحانات فی الحال ملتوی کردیے جائیں۔
مفتی ابوالقاسم نعمانی نے انتظامیہ کے افسران کو یقین دلایا کہ وہ اپنی سطح سے فیصلے نہیں لے سکتے ہیں، لیکن وہ دارالعلوم کی ایگزیکٹو کمیٹی (مجلس شوریٰ) کے ممبران سے بات چیت کرنے کے بعد ہی اس سلسلے میں فیصلہ لے گیں۔
وہیں اس سلسلے میں دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سالانہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
اس سلسلہ میں مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ فی الحال حالات کی نزاکت کے مدنظر دارالعلوم دیوبند کے تمام امتحانات کو ملتوی کردیا گیا ہے، امتحانات کب منعقد کرائے جائیں گے اس تعلق سے شوری کی میٹنگ جاری ہے۔
واضح رہے اس سے قبل دارالعلوم وقف دیوبند، دارالعلوم زکریا دیوبند، جامعۃ الشیخ حسین احمد مدنی، جامعہ امام محمدانور شاہ وغیرہ میں امتحانات ملتوی کرکے طلبہ کی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔