رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ایک ہفتہ بعد شروع ہونے والا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام طرح کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ اس کے پیشِ نظر عالمی شہرت یافتہ بریلی میں واقع درگاہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں کے سرپرست حضرت سبحان رضا خاں سبحانی میاں نے رمضان المبارک کا پوسٹر جاری کیا ہے۔
مقدس ماہِ رمضان کی جنتری، افطار اور سحری کے صحیح وقت کی معلومات مسلمانوں کو فراہم ہو سکے۔ اس پوسٹر میں ملک میں مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے تمام بزرگانِ دین کے عرس اور مسلمانوں کے تہواروں کی تاریخیں بھی لکھی ہیں۔
پوسٹر رلیز کرنے کے دوران درگاہ کے سربراہ حضرت سبحانی میاں نے پوری دنیا سے کورونا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان خیر و عافیت اور سلامتی لیکر آئے۔ جو لوگ گزشتہ برس رمضان المبارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے روزہ، نماز یا دیگر عبادت نہیں کر پائے تھے، وہ اس برس اپنے اللہ کو راضی کرنے کے لیے روزہ بھی رکھیں اور نماز کی پابندی بھی کریں، تراویح بھی پڑھیں اور قرآن مجید کی تلاوت بھی کریں۔
اس مرتبہ رمضان المبارک غالباً 14 اپریل سے شروع ہو سکتاہے۔ پہلا روزہ 14 گھنٹے 23 منٹ کا ہوگا۔ جو سب سے کم وقت کا ہوگا، جبکہ آخری روزہ سب سے بڑا یعنی 15 گھنٹے 08 منٹ کا ہوگا۔ اس برس روزے بڑھتے ہوئے دنوں میں آ رہے ہیں، لہزا، ہر دن کے مطابق وقت میں مسلسل اضافہ ہوگا۔ درگاہ کے میڈیا انچارج ناصر قریشی نے درگاہ اعلیٰ حضرت سے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق یہ معلومات فراہم کرائی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ کیلنڈر سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ممالک بھیجا جا رہا ہے۔ اگرچہ کیلنڈرز ڈاک کے ذریعہ بھیجے جاتے تھے، لیکن اس بار کورونا انفیکشن کے سبب پوسٹل سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے سوشل میڈیا کا سہارا لیا گیا ہے۔
اس دوران درگاہ اعلیٰ حضرت کے سجادہ نشین مفتی حضرت احسن رضا خاں قادری سمیت مفتی سلیم نوری، مفتی عاقل رضوی، مفتی انور علی، مفتی معین الدین اور مفتی افروز عالم وغیرہ موجود تھے۔