ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں پیر کو ایک ہی کنبے کے تین افرد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، اس کے ساتھ ہی ضلع میں اب متاثرین کی تعداد 41 ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آدرش سنگھ نے بتایا کہ فتح پور تحصیل کے رہنے والے ایک ہی اہل خانہ کے تین افراد کی کورونا وائرس کے انفیکشن کی جانچ رپورٹ مثبت آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبھی کو لیول-1 ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور علاقے کو سیل کرکے سینیٹائز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے رابطے میں آنے والے سبھی افراد کی نشاندہی کرکے ان کے نمونے جانچ کے لیے بھیجے جارہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ تینوں متاثرین کچھ دن قبل دہلی سے واپس آئے ہیں، کوروناوائرس کے علامات ملنے پر ان کے نمونے لے کر جانچ کے لیے بھیجے گئے تھے۔
واضح رہے کہ اترپردیش میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 30 نئے متاثرین کی تصدیق کے ساتھ ریاست بھر میں مجموعی طور سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 10566 پہنچ گئی، جن میں سے ابھی تک 275 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ ریاست بھر میں کوانٹین کیے گئے مریضوں کی تعداد 7719 ہے، تاہم اس کے ساتھ ہی 4363 مریضوں کو آئی سولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے، جبکہ 6185 متاثرہ کوروناوائرس کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، اور ڈسچارج ہوکر گھر جاچکے ہیں۔