ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں آج کانگریس کارکنان نے کسانوں کے مختلف مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع کلکٹریٹ کے دفتر پر مظاہرہ کرتے ہوئے گورنر اترپردیش کو ایک میمورنڈم ارسال کیا۔
اس موقع پر کانگریس کے ضلع صدر مظفرعلی نے کہا کہ اترپردیش کے مختلف اضلاع میں کسانوں کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسی سلسلہ میں آج ضلع کانگریس کمیٹی، شہر کانگریس کمیٹی نے اپنے کارکنان کے ساتھ ضلع مجسٹریٹ دفتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ کی معرفت گورنر اترپردیش کو ایک میمورنڈم ارسال کیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ جہاں ایک طرف دھان کے سینٹرز پر دھان کی فروختگی کم ہونے اور نوی کے نام کسانوں کے دھان کے وزن میں کٹوتی کی جارہی ہے جس وجہ سے کسان پریشان ہیں۔
میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسانوں کو ان کے گنے کا بقایا اب تک نہیں مل پایا ہے، اس وجہ سے کسان بدحالی کا شکار ہیں۔
سرکار کی جانب سے پرائیویٹ ٹویل کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کیے گئے اضافہ سے کسانو ں کو بےحد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
میمورنڈم میں گورنر اترپردیش سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کسانوں کی دھان کی خریداری ایم ایس پی پر کیے جانے کی گارنٹی دی جائے اور اضلاع میں دھان کے سینٹر ابھی تک نہیں کھولے گئے ہیں، انہیں فوراً کھلوایا جائے اور کسانوں سے من مانے طریقے پر کی جارہی کٹوتی کو فوراً بند کیا جائے، اوعر کسانوں کا گنے کا بقایا انہیں فوراً دلایا جائے۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اترپردیش میں پرائیویٹ ٹویل کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو فوراً واپس لیا جائے اور پرانا نظم بحال کیا جائے۔