ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے کرولا میں واقع ایک میرج ہال میں کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما راشد علوی نے پریس کانفرنس منعقد کی۔جہاں انہوں نے ای وی ایم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'بی جے پی اقتدار میں رہنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اس لیے وہ ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر کے اقتدار میں آنا چاہتی ہے۔'
امت شاہ کے ایک بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے راشد علوی نے کہا کہ 'امت شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ دوسری سیاسی جماعتوں اور ممتا بنرجی 30 فیصد مسلمانوں کی حمایت کر رہی ہیں لیکن ستر فیصد ہندو کی کوئی بات نہیں کر رہا ہے، ان 70 فیصد ہندوؤں کی بات کون کرے گا۔امت شاہ اس طرح کا بیان دے کر ہندو مسلم کی سیاست کر کے بنگال انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس اور کوئی ذریعہ نہیں ہے۔'
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے پاسپورٹ رد کرنے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹرشپ والی حکومت اپنے مخالف رہنماؤں کو صرف جیل میں ڈالتی ہے اور ان کو پاسپورٹ نہیں دیتی۔ حکومت پاسپورٹ صرف اس لیے نہیں دے رہی ہے کیونکہ اگر وہ بیرون ملک چلی گئیں تو وہ حکومت کو بے نقاب کر دیں گی۔ کورونا وبا پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا کی ویکسین کی ضرورت اس وقت ہمارے ملک کے عوام کو ہے لیکن وزیراعظم اسے دیگر ممالک میں بھیج رہے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ اس کی ضرورت ہمارے ملک کو ہے۔