تنخواہوں سے محروم نوئیڈا میں تعینات صفائی ملازمین نے نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ تنخواہ کی عدم ادائیگی کے باعث انہیں مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صفائی ملازمین تنخواہ کے مطالبات کو لے کر نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر پہنچے۔
صفائی ملازم سونو یادو نے بتایا کہ کورونا دور کے اس نامساعد حالات میں بھی صفائی ملازمین اپنی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوئیڈا میں تعینات صفائی ملازمین کے لئے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔
یہ ٹینڈر ستپال ناگر کو ملا تھا۔ لیکن اتھارٹی نے یکم اپریل 2021 ء سے شکیل نامی شخص کو ٹینڈر دے دیا ہے۔ اب شکیل صفائی ملازمین کو تنخواہ نہیں دے رہا ہے۔ جس کی وجہ سے صفائی ملازمین بہت پریشان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوئیڈا میں تعینات 33 صفائی ملازمین کو پچھلے مہینے سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔
اس سے پریشان 33 صفائی ملازمین نے نوئیڈا کے سیکٹر 39 کے دفتر پہنچ کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ صفائی ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں جب تک تنخواہ نہیں ملیں گی۔ تب تک وہ اپنے کام پر واپس نہیں آئیں گے۔