اترپردیش کانگریس پارٹی صدر اجے کمار للو نے کہا کہ کورونا مریضوں کی آکسجین کی کمی کے بعد کی گئی ماک ڈرل سے ہوئی اموات پر دیتھ آڈٹ کمیٹی کی رپورٹ حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے والی ہے۔
انہوں نے حکومت پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر آکسیجن دستیاب تھی تو ہسپتال میں ماک ڈرل کیوں کیا گیا تھا۔ جب رپورٹ میں یہ کہا جارہا ہے کہ 5 منٹ کے لیے ماک ڈرل کی گئی جس سے 22 افراد کی اموات ہونا ہسپتال کے مالک کے ذریعہ قبول کیا گیا ہے تو پھر بھی انسانیت کے قتل کے خطاوار اسپتال کو کلین چٹ کیوں اور کس کی شبیہ بچانے کے لئے دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:Oxygen Mock Drill: آگرہ میں آکسیجن ماک ڈرل کرنے والا ہسپتال سیل
انہوں نےکہا کہ ریاستی عوام اموات کا جواب چاہتے ہیں۔ ماک ڈرل کے لیے ذمہ دار ہسپتال مالک کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے اسے کلین چٹ کس کے اشارے پر دی گئی ہے۔ یہ بتانے کے ساتھ ہی یہ بھی ریاستی حکومت کو بتانا ہوگا کہ ہسپتال مالک کا بی جے پی سے کیا رشتہ ہے۔
ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ چار رکنی دیتھ آڈٹ کمیٹی و دو رکنی جانچ ٹیم کی رپورٹ بی جے پی حکومت کی داغ دار شبیہ پر لیپا پوتی کرنے کی سازش ہے۔ ریاستی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کا لگاتار غلطیاں کرتی چلی آرہی ہے۔ کورونا کے خوفناک قہر کے وقت میں ریاستی حکومت مریضوں کو آکسیجن دستیاب کرانے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔
یواین آئی