پریاگ راج: امیش پال کے قتل کے دوران بم پھینکنے والے گڈو مسلم کے گھر پر بلڈوزر چلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ملزم کے گھر پر نوٹس چسپاں کر دیا ہے۔ جواب داخل کرنے کے لیے 25 مارچ تک کا وقت دیا گیا ہے۔ گڈو مسلم پر بھی 5 لاکھ کا انعام ہے۔ قتل واقعہ کی متعدد سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آئی ہیں۔ اس میں گڈو کو بم سے حملہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ گڈو ہی تھا جس نے گنر راگھویندر کو بم پھینک کر مار ڈالا ہے۔ غور طلب ہے قتل واقعہ میں ملوث ملزم غلام کے رسول آباد میں گھر اور دکانوں کو بلڈوزر سے مسمار کر دیا گیا تھا۔ اسی سلسلے میں اب قتل کیس کے ایک اور ملزم گڈو مسلم کے گھر کو مسمار کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس عتیق احمد کے خاص شوٹروں میں سے ایک گڈو کو تلاش کررہی ہے۔ اس کے باوجود اس کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔
واضح رہے کہ امیش پال اور ان کے 2 سرکاری بندوق برداروں کا 24 فروری کو قتل کر دیا گیا تھا۔ قتل کے بعد پی ڈی اے نے پولیس کے ساتھ مل کر عتیق احمد اور اس کے قریبی لوگوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی۔ اب تک تین قریبیوں کے گھروں کو بلڈوزر سے مسمار کیا جا چکا ہے۔ فرار ہونے والے شوٹروں کی تلاش میں پولیس کی متعدد ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔ پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق اگر گڈو مسلم کی جانب سے کوئی جواب داخل نہیں کیا گیا تو انہدامی کارروائی کی جائے گی۔