اترپردیش کے بلندشہر میں بھیانک سڑک حادثے میں 7 لوگوں کی دردناک موت ہوگئی، ہلاک شدگان میں چار خواتین اور تین معصوم بچے شامل ہیں۔ موقع پر پولیس کے اعلیٰ افسران حالات کا معائنہ کررہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہاتھرس اور قریبی اضلاع سے عقیدت مند نرورا گنگا گھاٹ اشنان کرنے آئے ہوئے تھے۔ خواتین رات میں بچوں کے ساتھ سڑک کے کنارے سورہی تھیں کہ اسی دوران تیز رفتار بس نے انہیں کچل دیا ۔حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ موقع پر ہی ساتوں لوگوں کی دردناک موت ہوگئی۔ حادثہ کے بعد بس ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے۔ پولیس ملزم کی تلاش کررہی ہے۔
مقامی سرکل افسر سمیت بھاری پولیس ٹیم موقع پر موجود ہے۔
ہلاک شدگان کی شناخت پھول وتی (65) اہلیہ مہندر سنگھ باشندہ موہن پورہ تھانہ چندوا ہاتھرس، مالا دیوی (32) اہلیہ ادے ویر باشندہ موہن پورہ تھانہ چندوا ہاتھرس، شیلا دیوی (35) اہلیہ سرنام سنگھ باشندہ پرمیشور گیٹ تھانہ جنوبی فیروز آباد، یوگیتا (5) بنت سرنام سنگھ باشندہ پرمیشور گیٹ تھانہ جنوبی فیروز آباد، کماری کلپنا (3) بنت ادے ویر باشندہ موہن پورہ تھانہ چندوا ضلع ہاتھرس، رینو اہلیہ جتیندر(22) باشندہ ہردو آگنج ضلع علی گڑھ، سنجنا (4) بنت جتیندر باشندہ ہردوا گنج ضلع علی گڑھ کے طور پر ہوئی ہے۔
اس حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی ہے اور ہلاک شدگان کے اہل خانہ جائے واردات پر پہنچ رہے ہیں۔