بی ایس پی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمان ستیش چندر مشرا کی قیادت میں پارٹی کے سبھی اراکین پارلیمان کا ایک وفد صدر جمہوریہ سے راشٹر پتی بھون میں ملا اور ان کو ایک میمورنڈم دیا ۔
وفد میں پارٹی کے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے اراکین پارلیمان شامل تھے ۔ صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد مشرا نے صحافیوں سے کہا کہ صدر کو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران تشدد کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔ پارٹی نے صدر سے نئے قانون کو واپس لینے اور اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ صدر جمہوریہ سے احتجاج کو دبانے کے لیے کی جا رہی پولیس کارروائی کی بھی جانچ کی مانگ کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سمیت متھرا، مئو اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں جنہیں روکنے کے لیے پولیس سخت کارروائی کر رہی ہے ۔ اس کی جانچ کی جانی چاہیئے ۔