ریاست اترپردیش کے کارسیوک پورم کے قریب رام گھاٹ کانشی رام کالونی میں بم دھماکہ کا واقعہ پیش آیا جہاں دھماکے میں ایک نوجوان منوج اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ دونوں زخمی ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔ خاتون شادی شدہ ہے۔ پولیس کے مطابق، خاتون کے شوہر جے کشن عرف ظالم نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر بیوی اور اس کے عاشق کا تعاقب کیا جس کے بعد دونوں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جس کے بعد شوہر ان دونوں پر دیسی بم سے حملہ کر کے فرار ہوگیا۔ ملزم شوہر جے کشن عرف ظالم اپنے ساتھ ایک بیگ میں کئی بم لے کر آیا تھا۔ ان دونوں پر تین دیسی بموں سے حملہ کیا گیا۔
بعد ازیں پولیس نے ایک دیسی بم برآمد کیا ہے۔ جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پانی میں ڈال کر پھٹنے سے بچایا۔
وہیں زخمی نوجوان منوج اور خاتون کومل کو سری رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے ایک ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا ہے اور دوسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔