ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں یوم عاشورہ کے موقع پر مردانہ قلعہ رامپور، مسجد امام بارگاہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر سوشل ڈسٹنسنگ کا اہتمام کرتے ہوئے ایمانی جذبہ سے سرشار ہو کر لوگوں نے اپنے خون کا عطیہ کیا۔ امام حسین کی شہادت کی یاد میں اس کیمپ کا اہتمام عزاداران امام حسین نے 'مدد ایک آس' کے اشتراک سے کیا۔
![یوم عاشورہ کے موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/up-ram-02-blood-donation-camp-on-yaume-aashoora-spl-pkg-7204696_30082020230143_3008f_02921_777.jpg)
اس کیمپ کے ذریعہ جہاں اسلام کے آفاقی پیغام توحید کی دعوت دی گئی۔ وہیں موجودہ دور میں کورونا وائرس کے نام سے جاری عالمی وباء سے متاثر افراد کی مدد کے لئے بھی ترغیب دلائی گئی۔
اسلامی تاریخ میں ماہ محرم الحرام کی کافی اہمیت بتائی گئی ہے۔ خصوصی طور پر اس مہینے کی 10 تاریخ، جس کا اہتمام دنیا بھر کے مسلمان یوم عاشورہ کے نام سے کرتے ہیں۔ خصوصی عبادات اور روزے وغیرہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
![یوم عاشورہ کے موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/up-ram-02-blood-donation-camp-on-yaume-aashoora-spl-pkg-7204696_30082020230138_3008f_02921_587.jpg)
وہیں انسانیت کی خدمت بھی اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ہے۔
یہی وجہ ہے کہ رامپور میں یوم عاشورہ کے موقع پر 'عزاداران امام حسین' نے 'مدد ایک آس' نامی سماجی تنظیم کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا۔
کورونا وائرس کے دور میں سوشل ڈسٹنسنگ کا خاص خیال رکھتے ہوئے پورے ایمانی جذبہ سے سرشار ہو کر بندگان خدا نے یوم عاشورہ کے موقع پر اللہ کی راہ میں اپنے خون کا عطیہ کیا۔
خون کا عطیہ کرنے پہنچے سماجی کارکن سید قمر رضوی نے یوم عاشورہ کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ دن خاص طور پر نواسۂ رسول حضرت حسین کی اللہ کی راہ میں بے انتہا قربانیوں کی یاد میں جانا جاتا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'روایات سے پتہ چلتا ہے کہ حضرت حسینؓ نے اللہ کے دین کے تشخص پر آنچ نہ آنے دینے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا تھا یہاں تک کہ انہوں نے اپنی جان بھی قربان کر دی لیکن اسلام کا پرچم دشمنان دین کی باطل حکومت کے آگے جھکنے نہیں دیا۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہی وجہ ہے کہ حضرت حسین کی قربانی سے سبق حاصل کرنے کے لئے دنیا بھر کے مسلمان یوم عاشورہ کے موقع انسانیت کی بے لوث خدمات انجام دے کر اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا عہد کرتے ہیں اور آج کا یہ کیمپ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: قرآن مجید کو نذرِ آتش کرنے کے بعد سویڈن میں کشیدگی
رامپور کے تاریخی مردانہ قلعہ میں قائم مسجد امام بارگاہ میں خون عطیہ کیمپ کے موقع پر 'مدد ایک آس' کے کوآرڈینیٹر گورو کمار نے اپنی تنظیم کے کارکنان کے ساتھ یہاں پہنچ کر کیمپ کو کامیاب بنانے میں اپنا تعاون پیش کیا اور امام حسین کی انسانیت کو قائم رکھنے کے لئے دی گئیں قربانیوں کو جانا۔
وہیں یوم عاشورہ کے موقع پر نوجوانوں کی جانب سے اس قسم کی تعمیری کوششوں کو سبھی نے سراہا۔