اتر پردیش کے دارلحکومت لکھنؤ کے مال ایوینیو واقع درگاہ حضرت محمد نبی رضا شاہ المعروف دادا میاں میں موسم سرما میں آس پاس کے ضرورت مندوں کو کمبل تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر درگاہ حضرت محمد نبی رضا شاہ کے سجادہ نشین حضرت خواجہ محمد صباحت حسن شاہ بھی موجود رہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران درگاہ دادا میاں کے ترجمان محمد عارف نے بتایا کہ ہمارے بزرگوں کا ہمیشہ سے یہی دستور رہا ہے کہ تن من دھن سے خدمت خلق کے لیے کام کرتے رہیں، بزرگوں نے ہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو برقرار رکھا۔
محمد عارف نے بتایا کہ آج شاہ نبی رضا ٹرسٹ کی جانب سے درگاہ دادا میاں کے سجادہ نشین حضرت خواجہ محمد صباحت حسن شاہ نے ضرورت مندوں کو کمبل تقسیم کیا، ٹرسٹ کے ذمہ داران گزشتہ 10 سالوں سے ضرورت مندوں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ٹرسٹ ہر سال میڈیکل کیمپ بھی لگاتا ہے، جس میں تجربے کار ڈاکٹروں سے مفت میں چیک اپ کرایا جاتا ہے اور مریضوں کو دوائی دی جاتی ہے۔ درگاہ دادا میاں میں شاہ رضا ٹرسٹ لمبے عرصے سے قوم کے غریب بچوں کے تعلیم و تربیت پر کام کر رہی ہے، ٹرسٹ آگے بھی غریبوں کے لئے اس طرح کے پروگرام کرتی رہے گی۔
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ ضرورت مندوں کی مدد کرنا چاہیے لہذا ہم مدد کرتے وقت کسی کا مذہب نہیں دیکھتے۔ بزرگوں کے بارگاہ سے 'قومی یکجہتی' کا پیغام عام ہوتا ہے۔ دادا میاں درگاہ سے بھی ہمیشہ پیار محبت کا پیغام عام ہوتا چلا آ رہا ہے۔