ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں واقع بانکے بہاری مندر میں اس وقت ہنگامہ ہوگیا، جب میونسپل ٹیم ٹیکس وصول کرنے کے لیے منڈپ پہنچ گئی۔
کارپوریشن کی ٹیم نے ٹرسٹ کے چیئرمین کے ساتھ بدتمیزی کی اور بارات گھر کو سیل کردیا۔ جس کے بعد مندر کے منڈپ پر ہنگامہ ہو گیا۔
ہنگامہ شروع ہونے کے بعد میئر سمیت بی جے پی کے کئی کارکنان کارپوریشن کی کارروائی کے خلاف دھرنے پر بیٹھ گئے۔
جیسے ہی مقامی لوگوں کو اس بارات گھر کے سیل ہونے کی جانکاری ملی شہر کے رکن اسمبلی ارون سنگھ اور میئر امیش گوتم بھی موقع پر آگئے، جنہوں نے کارپوریشن کے ٹیکس افسر کو متنبہ کیا اور چیئرمین سے بات چیت کرکے حالات کو قابو میں لایا۔
احتجاج میں شریک رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ کارپوریشن کے کچھ لوگوں نے برات گھر ٹرسٹ کے لوگوں کے ساتھ بدتمیزی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو جلد از جلد حکام سے بات کرکے حل کیا جائے گا۔