علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) طلباء اور طلباء رہنماؤں نے یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ باب سید پر ہاتھوں میں موم بتیاں لے کر اوڈیشہ ٹرین حادثے میں مرنے والوں پر افسوس کا اظہار کیا اور اس ریل حادثے کے لیے بی جے پی حکومت، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر ریل (بھارت) کو ذمہ دار قرار دیا۔ طلبہ نے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کے استعفیٰ کے ساتھ حادثے میں مرنے والوں کے خاندان کو ایک کروڑ روپے، سرکاری نوکری اور پورے معاملے کی جانچ کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ بھارت کی مشرقی ریاست اوڈیشہ کے بالاسور میں 2 جون کو تین ٹرینوں میں تصادم کے سبب کم از کم 288 افراد ہلاک اور سینکڑوں لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ ٹرین حادثے کی جانچ کا معاملہ اب سپریم کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ وشال تیواری نام کے ایک وکیل نے معاملے کو لے کر ایک عرضی سپریم کورٹ میں دائر کردی ہے۔ اے ایم یو طلباء رہنما محمد عارف تیاگی اور زید شیروانی نے ٹرین حادثے اور اس میں مرنے والوں پر افسوس کا اظہار کیا اور سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس پورے معاملے کی اعلیٰ درجہ کی جانچ کا مطالبہ کیا۔
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بڑا حادثہ پیش آنے کے بعد بھی ابھی تک وزیر ریل نے استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔ سوال کرتے ہوئے زید شیروانی نے کہا کہ اس وقت کی حکومت کے مطابق جب ہمارا ملک ڈیجیٹل انڈیا ہو گیا ہے، ہائی ٹیکنالوجی آگئی ہے تو پھر اتنے بڑے ٹرین حادثے کو روکنے میں کامیاب کیوں نہیں ہو پائے۔ جب حکومت رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ کو سو اور دو سو کروڑ میں خرید لیتی ہے تو ریل حادثے میں مرنے والے بے گناہ، معصوم اور بزرگوں کو پانچ دس لاکھ روپے دے کر کیا دیکھنا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: