اتر پردیش کے ضلع بریلی میں بی ڈی اے یعنی بریلی ڈولپمنٹ اتھارٹی نے دو مذہبی مقامات کو مسمار کردیا تھا، اس کے بعد مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر بی ڈی اے کی ٹیم پر پتھراؤ کیا اور بی ڈی اے کی اس کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
غور طلب ہے کہ چندپور بِچپوری گاؤں میں واقع 'رام گنگا نگر ہاؤسنگ اسکیم' کالونی میں بی ڈی اے نے غیر قانونی قبضہ اور تمام تجاوزات کو ہٹانے کی مہم کے تحت اوگھا شاہ بابا کا مزار بھی مسمار کر دیا تھا، بی ڈی اے کی اس یکطرفہ کارروائی کے خلاف مزار کے منتظمین اور مقامی باشندگان نے رضا ایکشن کمیٹی کے قومی صدر عدنان رضا خان سے ملاقات کی اور اس معاملے میں مداخلت کرنے کی گزارش کی ہے۔
اس کے بعد یہ معاملہ درگاہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں سے وابستہ تنظیموں 'جماعت رضائے مصطفےٰ' تحریک تحفظ سُنیّت' آل انڈیا اتحاد ملت کونسل' اور'رضا ایکشن کمیٹی' نے سخت لہجے میں اس کارروائی کی مخالفت کی اور چندپور بِچپوری پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرے کے بعد ضلع سطح پر انتظامیہ نے سرگرمیاں تیز کر دیں اور اس احتجاجی ماحول کو ختم کرنے کی کوششیں شروع کی گئی اور میٹنگ کا دور شروع ہوا، آخرکار بی ڈی اے اور مظاہرین کے درمیان معاہدہ ہوا کہ مزار کو اصل شکل و صورت میں دوبارہ تعمیر کرایا جائےگا، لیکن مزار کے اطراف میں جو غیر قانون تجاوزات ہے اسے ہٹایا جائےگا۔
بہرحال مقامی باشندگان اور مسلم تنظیموں کے احتجاجی مظاہرے کے بعد بی ڈی اے بیک فُٹ پر ہے اور مزار کو دوبارہ تعمیر کرنے کے بی ڈی اے کے فیصلے کا استقبال کیا ہے۔