بریلی شہر میں اس سال بھی جشن عید میلاد النبی سادگی سے منائی جائے گی۔ جلوس محمدی کے جلوس و انجمن میں 30 سے زیادہ افراد شامل نہیں ہوسکیں گے۔ کسی بھی جلوس میں ڈی جے ساؤنڈ کا استعمال کرنے پر مکمل پابندی رہے گی۔ ڈی ایم نتیش کمار اور ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان نے یہ فیصلہ انجمن کمیٹی اور درگاہ کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران مشترکہ طور پر لیا ہے۔
بریلی: جشن عید میلاد النبی اس سال بھی سادگی سے منانے کا فیصلہ پیغمبر اسلام نبیٔ کریم ﷺ کی یوم ولادت کی خوشی میں عید میلاد النبی کے موقع پر بریلی شہر میں دو جلوس نکالے جاتے ہیں۔ اس میں پہلا جلوس گیارہ ربیع الاوّل کو ”انجمن اتحاد المسلمین“ کے زیراہتمام پرانے شہر میں سیلانی علاقے میں نکالا جاتا ہے، جب کہ دوسرا جلوس بارہ ربیع الاوّل کو درگاہ اعلیٰ حضرت کے سربراہ حضرت مولانا سبحان رضا خان (سبحانی میاں) کی سرپرستی اور سجادہ نشین مفتی احسن رضا قادری (احسن میاں) کی قیادت میں ”انجمن خدام رسول“ کے زیر اہتمام ایک مرکزی جلوس نکالا جاتا ہے۔ دوسرا جلوس شہر کا سب سے بڑا جلوس ہے، جو شہر کے کوہاڑاپیر علاقے سے شروع ہوکر درگاہ اعلیٰ حضرت پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔
بریلی: جشن عید میلاد النبی اس سال بھی سادگی سے منانے کا فیصلہ دونوں جلوسوں کو نکالنے کے لیے اب تک تذبذب کے حالات بنے ہوئے تھے۔ حالانکہ حکومت نے جلوس اور دیگر تقریبات کے سلسلے میں گائڈ لائن جاری کی ہے کہ کُھلے آسمان کے نیچے میدان کی گنجائش کے مطابق لوگ جمع ہوسکتے ہیں۔ یعنی جِتنا بڑا میدان ہوگا، اُتنے لوگ جمع ہونے میں کوئی پابندی نہیں ہے۔ اسی وجہ سے جلوس کے معاملے میں لوگ اپنے روایتی انداز میں جلوس نکالنا چاہتے ہیں۔ لیکن تحریری اجازت دیئے جانے کے لیے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں، پولیس لائن میں ڈی ایم نتیش کمار کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں درگاہ اعلیٰ حضرت کے نمائندوں کے وفد کے علاوہ، انجمن خدام رسول، انجمن اتحاد المسلمین و دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر انجمن میں پانچ افراد کی تجویز تھی۔ اس پر کمیٹی نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 50 لوگوں کی شرکت کی اجازت دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ آخر میں، جلوس کو انتہائی سادگی سے نکالنے اور فی جلوس میں محض 30-30 افراد کے شامل ہونے کی بات طے ہوئی اور سب سے اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ ڈی ایم نے سخت تاکید کی ہے کہ انجمن میں ڈی جے اور تیز ساؤنڈ پر پابندی رہےگی۔ اس کے جواز میں درگاہ اعلیٰ حضرت کی کمیٹی تحریک تحفظ سنیت کے ایگزیکیٹیو ممبر پرویز خان نوری نے تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں:دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کشمیر کے حالات نہیں بدلے: راوت
میڈیا انچارج ناصر قریشی نے بتایا کہ ڈی ایم اور ایس ایس پی کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں شاہد نوری، طاہر علوی، اورنگزیب نوری، انجمن خدام رسول کے سیکرٹری شان رضا، قاسم کشمیری، انجمن اتحاد المسلمین کے صدر امداد حسین، سیکرٹری انجم شمیم، عثمان احمد وغیرہ نے شرکت کی۔