دراصل بریلی کالج میں گزشتہ ہفتے میں دو مرتبہ ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ پہلی دفعہ ایک ملازم کو بھی مارا پیٹا گیا۔ دونوں مرتبہ پولیس کو اطلاع دی گئی، مگر پولیس نے رپورٹ درج نہیں کی۔
کالج میں توڑ پھوڑ معاملے پر ٹیچر اور ملازمین یونین کے اجلاس میں پولیس کو ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے تین دن کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔ لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ یہ الٹی میٹم اتوار کی شام کو ختم ہو گیا اور بروز پیر سے بریلی کالج غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔
اب کالج انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جب تک ملزم طلبا کے خلاف کارروائی نہیں کی جائےگی، بریلی کالج بند ہی رہے گا۔
پرنسپل ڈاکٹر انوراگ موہن نے ”اکِھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد“ اے بی وی پی یونین کے طلباء پر حملہ اور توڑ پھوڑ کا الزام لگایا تھا۔ ساتھ ہی کہا تھا کہ پولیس انتظامیہ کے افسران کو دی گئی دو درخواستوں کے باوجود کالج میں معقول فورس تعینات نہیں کی گئی۔ اس کی وجہ سے اساتذہ اور ملازمین خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
اس کے برعکس اپنے تعلیمی درس و تدریس کے سلسلہ میں بریلی کالج آنے والے تمام طلبا کو کالج میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ ایسے تمام طلبا و طالبات ہیں، جنہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پولیس انتظامیہ کے رویے سے ناراض ہو کر 22 اکتوبر کو کالج کی ٹیچرز اور ملازمین یونین کی میٹنگ میں الٹی میٹم دیا گیا کہ اگر پولیس نے 24 اکتوبر یعنی اتوار کی شام تک ملزمان طلبا کے خلاف کارروائی نہیں کی تو کالج کو 25 اکتوبر یعنی بروز پیر سے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: NIA Raids: وادیٔ کشمیر کے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی جاری
پرنسپل نے بتایا کہ اتوار کی شام تک پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس لیے فیصلے کے مطابق پیر سے کالج غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پیر کو پولیس اور انتظامیہ کے افسران سے ملاقات کرکے سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
ٹیچرس اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر وی پی سنگھ نے کہا کہ کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کو آسانی سے جاری رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ فساد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ایمپلائز ویلفیئر سروس کمیٹی کے صدر جتیندر مشرا نے بھی اس سے اتفاق کیا ہے۔ دونوں یونین، بریلی کالج کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کے فیصلے پر قائم ہیں۔