ملک بھر میں عید میلادالنبی کے موقع پر اسلامی جھنڈوں کا کاروبار عروج پر ہوتا ہے۔ بنارس کے دال منڈی بازار سے اترپردیش کے بیشتر اضلاع میں میلاد النبی کا جھنڈا فروخت ہوتا ہے لیکن رواں برس حکومت کی ہدایت کی وجہ سے کاروبار سست ہے۔ تاہم مقامی لوگوں میں اسی نوعیت کا جوش و جذبہ ہے اور میلادالنبی کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔
جھنڈا کاروباری محمد کلیم خان بتاتے ہیں کی جشن عید میلاد النبی کی بنارس میں پورے زور و شور سے تیاریاں شروع ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاط برتا جارہا ہے۔ تاہم عید میلاد النبی پورے جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دال منڈی میں بیشتر بیرونی علاقے سے آنے والے بڑے خریدار اس برس نہیں آئے ہیں، جس سے جھنڈا کاروبار میں 20 فیصد کی گراوٹ بھی درج کی گئی ہے۔ تاہم علاقے کے لوگوں میں اسی نوعیت کا جوش و جذبہ ہے۔
بنارس میں ہر برس عید میلادالنبی بہت ہی اعلی پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد موجود ہوتے ہیں اور مختلف گلیوں علاقوں میں جلوس کا استقبال کیا جاتا ہے لیکن رواں برس ضلع انتظامیہ کے ذریعہ کوئی واضح ہدایت نہیں دی گئی ہے تاہم جلوس نکالنے کی تیاریاں شروع ہیں۔
محمد نسیم دال منڈی علاقے میں برسوں سے جھنڈا اور دینی کتاب کا کاروبار کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بیشتر اضلاع میں جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے یہی وجہ ہے کی جھنڈا کی خریداری میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔