بریلی میونسپل کارپوریشن کے میئر اُمیش گوتم کے مطابق جنوری میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھا جائےگا اور اس کے ساتھ ہی بایو گیس پلانٹ بھی لگانے کی تیاری ہے۔ جنوری میں پلانٹ کا سنگ بنیاد اور فروری میں پلانٹ کا افتتاح کیا جائےگا۔
غورطلب ہے کہ شہر سے نکلنے والا 450 میٹرک ٹن کوڑا باقر گنج علاقے میں ڈالا جاتا ہے۔ ایک طویل عرصے سے یہ سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے باقر گنج میں کوڑے کا پہاڑ بن گیا ہے اور اسی وجہ سے ہی باشندگان باقر گنج کی زندگی دشوار ہو گئی ہے۔
ایک طویل عرصے سے گندگی، بدبو اور بیماریوں سے پریشان باقر گنج کے مقامی باشندے گزشتہ برسوں سے کوڑے کے ڈھیر ہٹائے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سنہ 2014ء میں رجؤ پرسپور میں لگے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کو این جی ٹی کے سخت احکامات کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔
باقر گنج سے کوڑا ہٹائے جانے کی مہم میں مقامی باشندگان، مقامی سیاسی رہنما اور عوامی تنظیموں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ خاص طور پر جن سیوا ٹیم نے گھر گھر جاکر کوڑا ہٹائے جانے کی مہم شروع کرائی اور لوگوں کو اس مسئلے کے حل کے لیئے بیدار کیا۔
مزید پڑھیں:
مئو: آوارہ جانوروں سے گیہوں کی کاشت کو زبردست نقصان
جن سیوا ٹیم کے صدر پمّی خان وارثی نے بریلی میونسپل کارپوریشن "بی ایم سی" کے اس اقدام پر کہا ہے کہ بی ایم سی کا یہ قابل ستائش قدم ہے، اگر طے وقت پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ کا تعمیری کام مکمل ہو جائےگا تو باقر گنج کی عوام کے لیئے نئے سال کے تحفے کے مانند ہوگا۔