باغپت کوتوالی کے پکا گھاٹ کے پاس یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ہریانہ سے باغپت آرہی کشتی میں سوار سبھی 13 افراد ڈوب گئے جس کے بعد مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں کی مدد سے پہلے ایک بچی کی لاش کو نکالا گیا اور اس کے ساتھ ہی ایک خاتون کو نازک حالت میں نکالا گیا جسے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی یمنا ندی پر لوگوں کی کافی بھیڑ اکٹھا ہوگئی۔ کشتی کو باہر نکال لیا گیا ہے، انتظامیہ کے اعلی افسران بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں، کشتی میں زیادہ تر خواتین تھیں، ریسکیو ٹیموں نے چھ افراد کو باہر نکالا ہے بقیہ لاپتہ سات لوگوں کی تلاش جاری ہے۔
فی الحال سات غوطہ خور ندی میں جال ڈال کر بقیہ لوگوں کی تلاش کررہے ہیں، ایمبولینس بھی موقع پر موجود ہے اور بچائے گئے لوگوں کا ابتدائی علاج کیا جارہا ہے۔