اترپردیش کے ضلع بدایوں کے قصبہ ککرالہ میں صوفی حضرت قبلہ شاہ شجاعت رحمتہ اللہ علیہ کا سالانہ 65 واں عرس پاک بے حد سادگی اور امن و سکون کے ساتھ منایا گیا۔
عرس سے لے کر قل کی فاتحہ تک کے تمام کام کورونا اور حالات کے مدنظر اور حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق مکمل کیا گیا۔ کورونا کی گائیڈلائن کے مدنظر فاتحہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس فاتحہ میں ملک و بیرون ملک کے متعدد مریدین نے سوشل میڈیا کے ذریعہ آن لائن شرکت کی۔
واضح رہے کہ درگاہ شاہ شرافت اور درگاہ شجاعت کے سجادہ نشین حضرت محمد ثقلین میاں شریف نے فاتحہ کی اور ملک و دنیا میں پھیلی کورونا بیماری سے نجات کے لئے اللہ سے دعا کی۔ انہوں نے بھارت میں امن و امان اور فلسطین میں مسلمانوں کی حفاظت کے لیے بھی دعا کی۔
عرس کے حوالے سے حاجی ممتاز میاں جو کہ درگاہ سے متعلق ایک اہم ذمہ دار فرد ہیں، انہوں نے انتظامیہ و پولیس کے اہم عہدے داروں سے گفتگو کر اس کو حکومتی گائیڈلائنز کے مطابق منانے کی بات کہی۔
دوسری جانب ضلع انتظامیہ کی جانب سے اے ڈی ایم (ای) بدایوں رتو پونیا کا کہنا تھا کہ تمام پروگرام کورونا گائیڈ لائن کے مطابق منائے جانے کا اعتماد درگاہ کے منتظمین کی جانب سے دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حضرت شاہ شجاعت علی میاں رحمۃ اللہ تعالی علیہ کا عرس پاک ہر سال رمضان کے مہینے کے بعد عید کے پہلے ہفتے کے اندر منایا جاتا ہے۔ اس بار بھی اس کا انعقاد ہوا لیکن کورونا کی وجہ سے زائرین یہاں زیارت کے لیے نہیں آپائے تو انہوں نے قل کی فاتحہ میں آن لائن شرکت کی۔